♻️Ⓜ️♻️ 🌷 عورت ۔۔۔؟؟؟ چودہ سے بیس سال کی عمر میں عورت گلاب کی ایک شگفتہ کلی ہے، نسیمِ سحر کا ایک جھونکا ہے، شفاف پانی کا ایک چشمہ ہے، سراپا محبت ہے! اکیس سے پچیس سال کی عمر میں عورت ایک سایہ دار درخت ہے۔ اس کے جذبات شبنم کے قطروں کی طرح پاکیزہ ہوتے ہیں۔ وہ سراپا محبت ہے! چھبیس سے تیس سال کی عمر میں عورت پھولوں سے بھری ہوئی ایک شاخ کی مانند ہے، جس سے گھر کی آرائش ہوتی ہے۔ یہ ویرانوں کو زندگی بخشتی ہے۔ اس کی محبت چاند کی روشن کرنوں کی طرح دلکش ہوتی ہے۔ یہ سراپا زندگی ہے! اکتیس سے پینتیس سال کی عمر میں عورت اس باغباں کی مانند ہے جو گلستانِ حیات میں خوش رنگ پھول لگاتا ہے اور پھر ان کی نشوونما کرتا ہے۔ اس عمر میں عورت اولادِ آدم کی تعمیر و تربیت کے لیے کوشاں رہتی ہے۔ وہ سراپا جدوجہد ہے! چھتیس سے چالیس سال کی عمر میں عورت ایک ایسی چٹان ہے جو طوفانوں سے ٹکرا جانے کی ہمت رکھتی ہے۔ اس کے چہرے پر کامرانی کے نقوش واضح ہوتے ہیں۔ وہ اس فاتح کی مانند ہے جو زندگی کی بیشتر مہمات سر کر چکی ہو۔ وہ سراپا عزم ہے! اکتالیس سے ساٹھ سال کی عمر میں عورت ایک ایسی کتاب ہے جو سنہری تجربات سے بھری ہوئی ہے۔ وہ دوسروں کو وقت کا صحیح تعین کرکے منزل کا درست پتا بتاتی ہے۔ وہ سراپا شفقت ہے۔۔۔۔ ☜ اگر آپ ایسے ہی دلچسپ اسلامی واقعات، اور دل کو موہ لینے والی تحریریں پڑھنا چاھتے ہیں، تو ابھی ہمارا چینل....( اسلام کی بیٹیاں) جوائن کریں۔ 🌐 https://t.me/Islam_Ki_Betiyan 🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰
Open in Telegram
🧕 اسلام کی بیٹیاں 🧕
چینل ھذا کے قیام کا مقصد مسلم معاشرے کی بے راہ روی اور بڑھتے ہوئے ارتداد کے رجحانات اور بے پردگی کے عالم کو مدنظر رکھتے ہوئے تخلیق کیا گیا ہے تاکہ اسلام کی بیٹیوں میں دینی علوم اور شعور کو بیدار کیا جاسکے ۔ ہمارے دیگر چینلز @Payame_Insaniyat
Average views per post by day
By publication day
Show as table
| Date | Avg views per post |
|---|---|
| Nov 13, 2026 | 172 |
| Nov 14, 2026 | 208 |
| Nov 15, 2026 | 222 |
| Nov 19, 2026 | 142 |
| Nov 20, 2026 | 129 |
| Nov 21, 2026 | 108 |
| Nov 22, 2026 | 112 |
| Nov 23, 2026 | 91 |
Most viewed this month
- 01Views228Forwards—Reactions—Comments—
- 02Views225Forwards—Reactions—Comments—
- 03Views216Forwards—Reactions—Comments—
- 04Views204Forwards—Reactions—Comments—
Latest posts
اللہ تعالیٰ اس تقریب کو برکت و سعادت کا موجب بنائے اور تمہاری یہ نئی زندگی ہر اعتبار سے کامیاب ہو۔ میں اس موقع پر تمہیں یاد دلاؤں گا کہ بحیثیتِ مسلمان تمہیں چاہیے کہ ازدواجی زندگی، یعنی شادی کی زندگی کا وہ تصور اپنے سامنے رکھو جو قرآنِ حکیم نے دنیا کے سامنے پیش کیا ہے: "وَمِنْ آيَاتِهِ أَنْ خَلَقَ لَكُمْ مِنْ أَنْفُسِكُمْ أَزْوَاجًا لِتَسْكُنُوا إِلَيْهَا وَجَعَلَ بَيْنَكُمْ مَوَدَّةً وَرَحْمَةً ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِقَوْمٍ يَتَفَكَّرُونَ" (الروم: 21) خدا کی حکمت کی نشانیوں میں ایک نشانی یہ ہے کہ اس نے تمہارے لیے تم ہی میں سے جوڑے پیدا کر دیے ہیں، یعنی مرد کے لیے عورت اور عورت کے لیے مرد۔ لیکن خدا نے ایسا کیوں کیا؟ اس لیے کہ تمہاری زندگی میں تین چیزیں پیدا ہو جائیں، جن کے بغیر تم ایک مطمئن اور خوش حال زندگی حاصل نہیں کر سکتے۔ وہ تین چیزیں یہ ہیں: سکون، مودّت اور رحمت۔ "لِتَسْكُنُوا إِلَيْهَا وَجَعَلَ بَيْنَكُمْ مَوَدَّةً وَرَحْمَةً" سکون: عربی زبان میں ٹھہراؤ اور جماؤ کو کہتے ہیں۔ مطلب یہ ہوا کہ تمہاری زندگی میں ایسا ٹھہراؤ اور جماؤ پیدا ہو جائے کہ زندگی کی پریشانیاں اور بے چینیاں اسے ہلا نہ سکیں۔ مودّت: اس سے مقصود محبت ہے۔ قرآن کہتا ہے کہ ازدواجی زندگی کی تمام تر بنیاد محبت پر ہے۔ شوہر بیوی سے اور بیوی شوہر سے اس لیے رشتہ جوڑتی ہے، تاکہ ان کی ملی جلی زندگی کی ساری تاریکیاں محبت کی روشنی سے منور ہو جائیں۔ لیکن محبت کا یہ رشتہ پائیدار نہیں ہو سکتا، اگر رحمت کا سورج ہمارے دلوں پر نہ چمکے۔ رحمت سے مراد یہ ہے کہ شوہر اور بیوی نہ صرف ایک دوسرے سے محبت کریں، بلکہ ہمیشہ ایک دوسرے کی غلطیاں اور خطائیں بخش دیں اور ایک دوسرے کی کمزوریاں نظر انداز کرنے کے لیے اپنے دلوں کو تیار رکھیں۔ "رحمت کا جذبہ خود غرضانہ محبت کو فیاضانہ محبت کی شکل دیتا ہے۔" ایک خود غرضانہ محبت کرنے والا صرف اپنی ہی ہستی کو سامنے رکھتا ہے، لیکن رحیمانہ محبت کرنے والا اپنی ہستی کو بھول جاتا ہے اور دوسرے کی ہستی کو مقدم رکھتا ہے۔ رحمت ہمیشہ اس سے تقاضا کرے گی کہ دوسرے کی کمزوریوں پر رحم کرے، غلطیاں اور خطائیں بخش دے، غصہ، غضب اور انتقام کی پرچھائیاں بھی اپنے دل پر نہ پڑنے دے۔ ابوالکلام آزاد ☜ اگر آپ ایسے ہی دلچسپ اسلامی واقعات، اور دل کو موہ لینے والی تحریریں پڑھنا چاھتے ہیں، تو ابھی ہمارا چینل....( اسلام کی بیٹیاں) جوائن کریں۔ 🌐 https://t.me/Islam_Ki_Betiyan 🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰
Open in Telegram♻️Ⓜ️♻️ 🎊 شادی کا فلسفہ اور مقصد ۔۔۔؟؟؟ 🖋 محمد قمر الزماں ندوی معاشرتی زندگی کی بنیاد نکاح ہے۔ شریعتِ اسلامی میں یہ نہایت پسندیدہ اور عنداللہ مستحسن عمل ہے کہ کوئی مسلمان مرد کسی مسلمان عورت سے شریعت کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق ازدواجی تعلق قائم کرکے اپنی پوری زندگی خوشی خوشی، عفت و عصمت اور پاک دامنی کے ساتھ گزارے۔ اسلام میں نکاح جائز ہی نہیں بلکہ مستحسن ہے، اور رہبانیت یعنی بلا شادی زندگی گزارنا مذموم ہے۔ نکاح تمام انبیائے کرام کی سنت ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: "وَلَقَدْ أَرْسَلْنَا رُسُلَنَا مِنْ قَبْلِكَ وَجَعَلْنَا لَهُمْ أَزْوَاجًا وَذُرِّيَّةً" (سورۃ الرعد) اور ہم نے یقیناً آپ سے پہلے بہت سے رسول بھیجے اور ان کو بیویاں اور اولاد عطا کی۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پانچ چیزیں انبیائے کرام کی سنتوں میں سے ہیں: حیا، بردباری، حجامت، خوشبو اور نکاح۔ (مجمع الزوائد، باب الحث علی النکاح) صالح اور نیک بندوں نے نیک و صالح بیوی اور اولاد کے لیے دعا کی ہے، جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: "رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّاتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ" (سورۃ الفرقان) اے ہمارے پروردگار! ہمیں ہماری بیویوں اور ہماری اولاد کی طرف سے آنکھوں کی ٹھنڈک، یعنی راحت عطا فرما۔ شادی شدہ انسان ایک ایسے سکون و اطمینان اور محبت و الفت سے ہمکنار ہوتا ہے، جو کسی اور ذریعے سے میسر نہیں ہو سکتا۔ قرآن مجید کی متعدد آیات میں اس کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ نکاح ایک ایسی دولت اور نعمت ہے، بلکہ یہ وہ عبادت ہے جس کے ذریعے انسان کو سکون و اطمینان اور صحت و عافیت نصیب ہوتی ہے۔ اس کے اندر ایثار و قربانی، محبت و الفت، اجتماعی زندگی گزارنے اور مل جل کر رہنے کا جذبہ اور سلیقہ پروان چڑھتا ہے۔ نکاح کے بے شمار فوائد ہیں۔ ایک مومن کے لیے اتنا ہی کافی ہے کہ اس کے ذریعے اس کا نصف ایمان مکمل ہو جاتا ہے۔ ایمان ایسی بیش قیمت دولت ہے جس کا دنیا میں کوئی عوض اور بدل نہیں ہو سکتا۔ اس کا بدلہ خدا کی خوشنودی اور جنت ہے۔ نکاح شریعتِ اسلامی کی نظر میں عبادت بھی ہے اور ایک معاہدہ بھی، لیکن بدقسمتی سے اکثر لوگ نکاح کو عبادت نہیں سمجھتے، بلکہ محض ایک معاہدہ، رسم اور پیکٹ سمجھتے ہیں؛ حالاں کہ نکاح عقد اور معاہدے کے ساتھ ایک اہم عبادت بھی ہے۔ نکاح کی مجلس میں شرکت کرنے والے، عقد کرانے والے، گواہ بننے والے، ایجاب و قبول کرانے والے اور اس مسنون و مبارک مجلس میں شریک ہونے والوں کا مقام نفلی عبادت کرنے والوں سے بڑھ کر ہے۔ بقول حضرت علی میاں ندوی رحمۃ اللہ علیہ، عام عبادات، مثلاً نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ، جزوقتی عبادات ہیں۔ جس وقت آپ یہ عبادات انجام دیتے ہیں، اسی وقت آپ کو ان کا ثواب ملتا ہے۔ پھر دوبارہ جب انجام دیں گے، تب ملے گا۔ لیکن نکاح ایک کل وقتی، یعنی پوری زندگی کی عبادت ہے۔ اس کے ثواب کا سلسلہ منقطع نہیں ہوتا، نہ کبھی رکتا ہے اور نہ ختم ہوتا ہے۔ آخری سانس تک میاں بیوی کو ایک دوسرے کو دیکھنے، ایک دوسرے کی خدمت کرنے، ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنے اور ایک دوسرے کی ضروریات پوری کرنے پر اجر و ثواب ملتا رہتا ہے۔ یہ سلسلہ میاں بیوی کے درمیان تاحیات جاری رہتا ہے۔ الغرض، نکاح ایک عظیم عبادت اور مضبوط معاہدہ ہے، جو تمام انبیائے کرام کی سنت اور طریقہ ہے۔ اس کے ذریعے انسان زنا اور دیگر فواحش و منکرات سے محفوظ ہو جاتا ہے اور مختلف قسم کی برائیوں اور تفکرات و تصورات سے آزاد ہو جاتا ہے۔ اسی کے ساتھ محبت و الفت، سکون و اطمینان، راحت و آرام، ایثار و قربانی اور نسلِ انسانی کی افزائش و فروغ کے وہ نمایاں فوائد حاصل ہوتے ہیں، جن کا حصول دیگر ذرائع سے ممکن نہیں۔ اس لیے شریعت کا حکم ہے کہ جو لوگ صاحبِ استطاعت ہوں، وہ جلد اس مبارک عمل کو انجام دیں اور اس میں تاخیر سے گریز کریں۔ اس کے ساتھ ہی نکاح کی حکمت، مصلحت، اغراض و مقاصد، فوائد اور اس کا فلسفہ بھی ہمارے پیشِ نظر رہنا چاہیے، تاکہ اس کی روشنی میں ہم ازدواجی زندگی کو زیادہ سے زیادہ خوش گوار بنا سکیں اور نکاح کے بعد زندگی کے کسی موڑ پر تلخی اور ناخوش گواری پیدا نہ ہو، بلکہ محبت و الفت، رأفت و رحمت کی زندگی نصیب ہو۔ ہم یہاں امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد کا ایک خط نقل کرتے ہیں، جو انہوں نے ایک عزیز کو شادی کے موقع پر لکھا تھا۔ اس میں شادی کے فلسفے پر اسلامی نقطۂ نظر سے مدبرانہ اور فاضلانہ انداز میں روشنی ڈالی گئی ہے۔ ملاحظہ فرمائیں: عزیزی! تمہارا خط پڑھ کر مجھے خوشی ہوئی۔ تعلیم کی تکمیل کے بعد اب تمہیں زندگی کی وہ منزل پیش آ گئی ہے جہاں سے انسان کی شخصی ذمہ داریوں کا ایک نیا دور شروع ہوتا ہے، یعنی تمہاری شادی ہو رہی ہے۔ میرے لیے ممکن نہیں کہ اس موقع پر شریک ہو سکوں، لیکن یقین کرو کہ میرے دل کی دعائیں تمہارے ساتھ ہیں۔ اپنی دعائیں تمہارے پاس بھیج رہا ہوں۔
Open in Telegram♻️Ⓜ️♻️ 👈 ازدواجی زندگی ....؟؟؟ جھگڑتے ہوئے تین دن گزر گئے۔ بات چیت بند تھی، گھر میں سناٹا چھایا ہوا تھا۔ بظاہر ایک دوسرے سے متنفر تھے، لیکن دل میں ایک دوسرے کا خیال بدستور موجود تھا۔ مجھے اگر کسی تکلیف کا سامنا ہوتا تو انہیں محسوس ہوتا، اور وہ اگر کبھی پریشانی میں ہوتیں تو مجھے تشویش لاحق ہوتی۔ لیکن ایک دوسرے سے کچھ بولنا نہیں تھا۔ خاموشی اور خاموش خیالی کا یہ سلسلہ مسلسل جاری تھا۔ معلوم نہیں، وقت کس گھڑی کے انتظار میں تھا! بالآخر ایک دن صلح کے ارادے سے ہم نے ملاقات اور گفتگو کا آغاز کیا، لیکن بات پھر وہیں پرانے گلے شکووں تک جا پہنچی۔ میں نے سوچا کہ انہیں بولنے دیتا ہوں، شاید دل ہلکا ہو جائے، لیکن جب شکایتوں کا سلسلہ ختم ہی نہیں ہوا تو میں بھی بول پڑا۔ آخر میں بھی انسان ہوں، میرے سینے میں بھی دل ہے۔ میرا جواب دینا تھا کہ پہلے سے زیادہ جھگڑا شروع ہو گیا۔ خاموشی نے مزید شدت اختیار کر لی۔ میں پریشان تھا کہ آخر یہ سلسلہ کب تک چلتا رہے گا؟ شاید وہ بھی اسی کشمکش میں مبتلا تھیں کہ آخر اس بار ہمارا جھگڑا ختم کیوں نہیں ہو رہا؟ انہیں اپنے گلے شکوے نظر نہیں آتے اور میں جواب دینے سے باز نہیں آتا۔ پانچ دن گزر گئے۔ پھر ایک دن ایسا آیا کہ انہوں نے گھر میں کچھ خاص کھانا پکایا۔ میں نے کھانا کھایا اور اس کی خوب تعریفیں کرنے لگا۔ آہ! آہ! کرکے، مزے لے لے کر کھانے لگا۔ وہ بھی صلح کے لیے کسی بہانے کی منتظر تھیں، لیکن گلے شکوے کرنے سے خود کو روک نہیں پا رہی تھیں۔ مگر اس دن انہوں نے اپنے جذبات پر قابو رکھا۔ میں ان کی طرف دیکھ کر کھانے کی تعریفیں کرنے لگا تو وہ بھی مسکرا دیں۔ پھر میری خوشی کا تو کیا ٹھکانہ تھا! اس کے بعد ہم دونوں نے مل بیٹھ کر ایک دوسرے کے مزاج اور رویّے کو سمجھنے کی کوشش کی۔ طے کیا کہ جب میں اس طرح کی بات کہوں تو آپ اس طرح جواب دیا کریں، یا پھر خاموش رہا کریں۔ اور جب آپ کچھ بولیں گی تو میں بت بن کر کھڑا رہوں گا۔ بس اتنا کہنا تھا کہ ان کی آنکھوں سے آنسو ٹپک پڑے اور وہ جلدی سے اٹھ کر مجھ سے لپٹ گئیں۔ روتے ہوئے کہنے لگیں: ’’آپ مجھے معذور سمجھ لیا کریں! میں پہلے بولنا چاہتی ہوں، لیکن مجھ سے ایسا ہو نہیں پاتا۔ آپ ہی پہلے بول لیا کریں، یہ آپ کا مجھ پر بہت بڑا احسان ہوگا۔ میں ہی جانتی ہوں کہ ان پانچ دنوں کی کٹھن گھڑیاں مجھ پر کتنی گراں گزری ہیں۔ میں آپ کے بغیر نہیں رہ سکتی۔‘‘ یہ سن کر میری آنکھیں بھی نم ہو گئیں اور دل میں ایک میٹھا سا درد محسوس ہونے لگا۔ میں نے محبت سے انہیں اپنے بازوؤں میں سمیٹ لیا۔ پھر ہم دونوں نے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور ایک دوسرے کو اپنے ہاتھوں سے کھلایا۔ شادی شدہ زندگی میں ایک ہی طرح کا رویّہ زندگی کو بے رنگ اور بورنگ بنا دیتا ہے۔ جھگڑا بھی ہو، پیار بھی ہو، شکوے بھی ہوں، اقرار بھی ہو، محبت بھی ہو، اظہار بھی ہو، ناراضی بھی ہو اور ایک دوسرے کا خیال بھی ہو۔ 🖋 ابنِ افتخار قاسمی ☜ اگر آپ ایسے ہی دلچسپ اسلامی واقعات، اور دل کو موہ لینے والی تحریریں پڑھنا چاھتے ہیں، تو ابھی ہمارا چینل....( اسلام کی بیٹیاں) جوائن کریں۔ 🌐 https://t.me/Islam_Ki_Betiyan 🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰
Open in Telegram♻️Ⓜ️♻️ زیادہ علم سکھانے سے بہتر ہے بے حیائی کو روکنا! (ایک خیال) گزشتہ چند روز قبل ایک 19 سالہ محترمہ سے ملاقات ہوئی۔ کہیں جانے کے لیے ان سے راستہ معلوم کیا تو دیکھا کہ وہ کچھ پریشان ہیں۔ خاتون ہونے کی وجہ سے کچھ جھجک محسوس ہوئی، لیکن ہمت کرکے میں نے ان سے ان کی پریشانی کی وجہ دریافت کر ہی لی۔ انہوں نے بتانے سے منع کر دیا۔ خیر! میں خاموشی سے اپنی راہ ناپنے لگا۔ اتنے میں خاتون نے آواز دے کر واپس بلایا اور کہا: ’’اچھا، آپ بتائیے، آپ کو کیا کام تھا؟‘‘ میں نے کہا: ’’یہ ایڈریس بتا دیجیے!‘‘ انہوں نے ایڈریس بتایا اور پریشانی کے باوجود تھوڑا سا مسکرائیں۔ میں خاموشی سے آگے بڑھ گیا۔ ان کے مسکرانے کی وجہ یہ تھی کہ اتفاق سے مجھے جس گھر میں جانا تھا، وہ خاتون اسی گھر کی بیٹی تھیں۔ جب میں وہاں پہنچا اور انہیں دیکھا تو حیران رہ گیا اور بے اختیار کہنے لگا: ’’ارے! آپ یہاں؟‘‘ تو انہوں نے بتایا: ’’میں خورشید صاحب کی بیٹی ماریہ ہوں، جن سے ملاقات کرنے کے لیے آپ تشریف لائے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا: ’’پاپا گھر پر نہیں ہیں، آپ یہاں بیٹھ کر کچھ دیر انتظار کر لیجیے۔‘‘ میں بیٹھ گیا۔ وہ میرے لیے پانی لائیں تو میں نے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ میرا روزہ ہے۔ خیر! وہ واپس گھر کے اندر گئیں اور کچھ دیر بعد دوبارہ آئیں اور کہنے لگیں: ’’آپ اس وقت کیا پوچھ رہے تھے؟‘‘ میں نے کہا: ’’میں آپ کی پریشانی کی وجہ پوچھ رہا تھا۔‘‘ اس لڑکی نے اپنی پریشانی کچھ اس طرح بیان کی: کہنے لگیں: ’’میری عمر 19 سال ہے اور میں اس وقت بارہویں جماعت میں پڑھتی ہوں۔ الحمدللہ! میں قرآنِ پاک اور اردو پڑھنا بھی جانتی ہوں۔ حیاۃ الصحابہؓ کا روزانہ مطالعہ بھی کرتی ہوں۔‘‘ میں نے کچھ حیرت کے ساتھ ان سے کہا: ’’آخر اس میں پریشانی کی کیا بات ہے؟ یہ تو بہت اچھی بات ہے کہ آپ ماشاءاللہ دین و دنیا، دونوں سے واقفیت رکھتی ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا: ’’آپ میری بات پوری سنیے!‘‘ وہ لڑکی کہنے لگی: ’’کیا میرے لیے اتنی پڑھائی کافی نہیں ہے؟ میں اپنے والدِ محترم سے براہِ راست شادی کی درخواست تو نہیں کر سکتی، لیکن میں نے اپنی کئی سہیلیوں کے ذریعے پاپا کو اشارہ دلوایا ہے کہ میری شادی کروا دیں۔ لیکن پاپا کہتے ہیں کہ نہیں، ابھی ماریہ کو بہت کچھ پڑھنا ہے۔ تو آپ ہی بتائیے، کیا میرے لیے مزید پڑھنا ضروری ہے؟‘‘ میں خاموش ہو گیا۔ اگر ’’نہیں‘‘ کہوں تو گویا والد سے بغاوت کی دعوت دینے والی بات ہوگی، اور اگر ’’ہاں‘‘ کہوں تو اس لڑکی کی پریشانی اپنی جگہ برقرار رہتی۔ میں اس کے لیے اجنبی تھا، بہرحال میں نے قرآن و حدیث کے حوالوں اور کچھ افہام و تفہیم کے ذریعے اس کی پریشانی کم کرنے کی کوشش کی۔ الحمدللہ! میری یہ کوشش اس وقت تو کامیاب رہی، آگے اللہ بہتر جانتا ہے۔ شادی کی درخواست کرنے میں اس لڑکی کے پیشِ نظر جنسی خواہشات کا تقاضا تھا یا پسِ پردہ کوئی دوسری مجبوری، اس سے میں ناواقف ہوں۔ اس واقعے کا مقصد ان والدین کو متوجہ کرنا ہے جو اپنی اولاد کے رشتوں میں تاخیر کرتے ہیں، خصوصاً بیٹیوں کے معاملے میں۔ تعلیم حاصل کرنا اور زندگی میں دوسری کامیابیاں حاصل کرنا، بلاشبہ اولاد کے لیے خیر و بھلائی کا ذریعہ ہیں، لیکن اس بہتری کا کیا فائدہ، جب اولاد ہی بے حیائی اور بغاوت کی طرف مائل ہو جائے؟ اگر آپ اپنی اولاد کی شادی مناسب وقت پر نہیں کروائیں گے، خاص طور پر اس وقت جب وہ خود شادی کی خواہش ظاہر کرے، تو اس کے اندر بے چینی اور بغاوت کے جذبات پیدا ہو سکتے ہیں، جس سے آپ کے خوش حال گھر کا سکون بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ لہٰذا زیادہ علم سکھانے سے بہتر یہ ہے کہ اولاد کی اخلاقی تربیت کی جائے، اس کی جائز خواہشات کو سمجھا جائے اور بے حیائی و بغاوت کے اسباب کا بروقت تدارک کیا جائے۔ ✍🏻 ابنِ افتخار قاسمی ☜ اگر آپ ایسے ہی دلچسپ اسلامی واقعات، اور دل کو موہ لینے والی تحریریں پڑھنا چاھتے ہیں، تو ابھی ہمارا چینل....( اسلام کی بیٹیاں) جوائن کریں۔ 🌐 https://t.me/Islam_Ki_Betiyan 🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰
Open in Telegram♻️Ⓜ️♻️ 📝 عورتوں کے لیے ڈاکٹر کی چند اہم ہدایات: 1۔ ضروری نہیں کہ گھر کے تمام کام ایک ہی دن میں مکمل کیے جائیں۔ ایسا کرنے والی خواتین اکثر ذہنی دباؤ (اسٹریس) کا شکار رہتی ہیں۔ 2۔ اپنے آرام کے لیے کچھ وقت ضرور نکالیں، کیونکہ کچھ دیر آرام کرنا اور اپنی پسند کا کھانا کھانا قطعاً کوئی گناہ نہیں ہے۔ 3۔ اگر سر میں شدید درد ہو تو اس درد سے نجات کے لیے کچھ دیر لازماً آرام کریں۔ ہو سکے تو کچھ دیر قیلولہ بھی کر لیں۔ 4۔ غنودگی کی حالت میں کام ہرگز نہ کریں، کیونکہ یہ آپ کی دماغی صحت اور جسم کے دیگر اعضا کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ اس سے آپ کی یادداشت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ لہٰذا اپنے ذہن کو پُرسکون رکھیں، سیر و تفریح کے لیے وقت نکالیں اور دل کھول کر ہنسیں۔ کام کہیں بھاگے نہیں جا رہے، آہستہ آہستہ سب ہو جائیں گے۔ 5۔ اپنے ذہنی سکون کے لیے ہلکی پھلکی ورزش کریں اور خود کو پُرسکون رکھنے کے لیے وقت نکالیں۔ مثلاً یوگا کریں، کھلی اور تازہ فضا میں گہرے سانس لیں اور سانس چھوڑتے وقت اپنے ذہن سے منفی خیالات کو نکالنے کی کوشش کریں۔ 6۔ آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنی تعریف کریں اور اپنی خوبیوں کو سراہیں۔ اس سے آپ کے اندر مثبت سوچ اور خود اعتمادی پیدا ہوگی۔ 7۔ کبھی کبھار اپنے لیے بھی کسی دعوت یا باہر کھانے کا اہتمام کریں۔ اپنے شوہر کے ساتھ، اگر زیادہ نہیں تو کم از کم مہینے میں ایک مرتبہ باہر ضرور جائیں، کیونکہ آپ بھی اس خوشی اور توجہ کی حق دار ہیں۔ 8۔ اپنے روزمرہ کے معمولات کو آسان بنانے کے لیے جدید مشینوں اور ٹیکنالوجی سے ضرور مدد لیں، کیونکہ مسلسل ذہنی دباؤ عورتوں کی صحت کے لیے خاموش قاتل ثابت ہو سکتا ہے۔ 9۔ اگر آپ کی طبیعت ٹھیک محسوس نہ ہو تو کسی ڈاکٹر سے ضرور رابطہ کریں۔ ممکن ہو تو قریبی اسپتال جائیں، ورنہ فون پر طبی مشورہ حاصل کریں۔ لیکن خود سے کوئی دوا استعمال نہ کریں، کیونکہ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر دوا لینا آپ کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ 10۔ وقتاً فوقتاً اپنے خون میں شوگر کی مقدار اور بلڈ پریشر کی جانچ کرواتی رہیں۔ ضروری نہیں کہ یہ جانچ صرف بیماری کی حالت میں ہی کروائی جائے۔ بیماری سے بچاؤ کے لیے بھی احتیاط ضروری ہے۔ اس طرح بہت سی خواتین ممکنہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکتی ہیں۔ یقین کیجیے! میں نے آپ کو بالکل درست مشورہ دیا ہے۔ اپنی قدر کرنا، خود سے محبت کرنا اور اپنا خیال رکھنا سیکھیں، کیونکہ آپ بھی توجہ، محبت اور تعریف کی حق دار ہیں۔ اور یہ ہرگز نہ بھولیں کہ آپ اللہ تعالیٰ کی تخلیق کا ایک خوبصورت شاہکار ہیں۔ انتخاب: صادق مسعود ☜ اگر آپ ایسے ہی دلچسپ اسلامی واقعات، اور دل کو موہ لینے والی تحریریں پڑھنا چاھتے ہیں، تو ابھی ہمارا چینل....( اسلام کی بیٹیاں) جوائن کریں۔ 🌐 https://t.me/Islam_Ki_Betiyan 🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰
Open in Telegram♻️Ⓜ️♻️ سنو، سنو ! سرکتا جائے ہے رخ سے نقاب آہستہ آہستہ ۔۔!! (ناصرالدین مظاہری) یادش بخیر! 1993ء میں پہلی مرتبہ دیوبند حاضری ہوئی۔ میں نے وہاں خواتین کی اکثریت کو جس برقعے میں دیکھا، وہ یہاں لکھنؤ اور اس کے قرب و جوار میں کبھی نہیں دیکھا تھا۔ یہ برقعہ نہایت سادہ ہوتا تھا، اوپر سے نیچے تک ایک ہی ہوتا تھا۔ شاید اس کی آستینیں بھی الگ نہیں ہوتی تھیں۔ آنکھوں کے سامنے ایک باریک سی جالی ہوتی تھی اور خواتین اسی جالی سے راستہ دیکھ دیکھ کر آمد و رفت کرتی تھیں۔ پھر زمانہ بدلا، حالات بدلے اور آلات بھی بدلے۔ ترقی ہوتی گئی، فیشن نے پیر پسارے اور اتنے بال و پر نکالے کہ اب اس قدیم برقعے کا نام و نشان بھی نہیں ملتا۔ چاروں طرف اتنے نفیس، اتنے نقشین اور اتنے دیدہ زیب برقعے مارکیٹ سے گھروں تک اور گھروں سے باہر تک پہنچ گئے کہ برقعے کی ڈیزائننگ اور نقش و نگار کی وجہ سے مردوں کی نظریں بھی اٹھنے لگتی ہیں۔ کہاں پہلے والے حیا کے لبادے اور شرم کے جامے، اور کہاں آج کے بل کھاتے، کمر لچکاتے بلکہ مٹکاتے برقعے! سچ کہوں تو آج نت نئے برقعوں نے بے حیائی اور فحاشی کو بڑھاوا دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ امیر مینائی بول اٹھے: سرکتی جائے ہے رخ سے نقاب آہستہ آہستہ نکلتا آ رہا ہے آفتاب آہستہ آہستہ ::v::v::v:: اب تو ہر عورت جدید فیشن کے پیچھے بھاگی چلی جا رہی ہے۔ کہاں اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں فرمایا ہے کہ گھر سے نکلو تو اپنے اوپر چادر ڈال کر نکلو، اور کہاں ہماری بہنیں اس چادر کو ایسے ڈھنگ، آہنگ، سیٹنگ، کٹنگ بلکہ فٹنگ کا بنوانے لگی ہیں کہ جسم کا ہر ابھار واضح ہوتا ہے۔ ہرنی جیسی چال کا ہر قدم، بلکہ اب تو غزالہ آنکھیں بھی کھلی رہتی ہیں۔ آنکھوں میں اتنا نفیس کاجل اور اتنا پرتکلف میک اَپ کرکے گھر سے نکلتی ہیں اور شترِ بے مہار کی طرح بے دھڑک مردوں کے درمیان گھستی چلی جاتی ہیں کہ مرد کو شرم آ جاتی ہے اور شرم کو شرم نہیں آتی۔ ماہر القادری کو کہنا پڑا: نقابِ رخ اٹھایا جا رہا ہے وہ نکلی، دھوپ، سایہ جا رہا ہے سوچئے! پردے کا حکم دونوں کے لیے ہے۔ جس طرح نامحرم مرد کسی نامحرم عورت کو نہیں دیکھ سکتا، بالکل اسی طرح نامحرم عورت بھی کسی نامحرم مرد کو نہیں دیکھ سکتی۔ چنانچہ حضرت عبداللہ بن اُمِّ مکتوم رضی اللہ عنہ نابینا صحابی تھے۔ ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ ام المؤمنین حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا اور ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا بھی موجود تھیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پردے کا حکم دیا تو انہوں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! یہ تو نابینا ہیں، دیکھ نہیں سکتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ نابینا ہیں، تم تو نابینا نہیں ہو۔ اور سنیے! حضرت اُمِّ خلاد رضی اللہ عنہا کے صاحب زادے ایک جنگ میں شہید ہو گئے۔ حضرت اُمِّ خلاد اپنے بیٹے کی تلاش و جستجو میں وہاں پہنچ گئیں جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف فرما تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تمہارا جوان بیٹا شہید ہو چکا ہے۔ حضرت اُمِّ خلاد نے اپنے جوان سال بیٹے کی شہادت کی خبر سن کر بھی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور پردے کا مکمل اہتمام رکھا۔ وہاں موجود بعض صحابہ نے ازراہِ تعجب کہا کہ حضرت اُمِّ خلاد کا بیٹا شہید ہو گیا ہے، پھر بھی وہ پردے کا اس قدر اہتمام کر رہی ہیں! حضرت اُمِّ خلاد نے یہ سنا تو بول اٹھیں: بیٹا فوت ہوا ہے، حیا فوت نہیں ہوئی۔ چلتے چلتے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کا یہ واقعہ بھی سنتے چلئے: سیدنا علی کرم اللہ وجہہ گھر پہنچے اور اپنی زوجۂ طاہرہ و مطہرہ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا سے کہنے لگے: میں مسجدِ نبوی کی طرف سے آ رہا ہوں۔ وہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حاضرین سے استفسار فرمایا ہے کہ عورتوں کے لیے سب سے بہتر چیز کیا ہے؟ لوگ اپنے طور پر مختلف جوابات دے رہے ہیں۔ اگر آپ کے علم میں کوئی جواب ہو تو بتائیے۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے برجستہ فرمایا: عورتوں کے لیے سب سے بہتر یہ ہے کہ نہ انہیں کوئی دیکھے اور نہ وہ کسی مرد کو دیکھیں۔ ہماری وہ بہنیں جو آنکھیں کھول کر بے تکلف چلتی پھرتی ہیں، وہ خوب سمجھ لیں کہ لوگ آپ کی آنکھوں کو بغور دیکھتے ہیں اور آپ بھی ہر راہ گزر کو بغور دیکھتی ہیں۔ مرد آپ کی آنکھیں دیکھ کر گنہ گار ہوتا ہے اور آپ کسی مرد کو مکمل طور پر دیکھ کر گنہ گار ہوتی ہیں۔ پردہ دونوں کے لیے ضروری ہے، خواہ مرد ہو یا عورت! ☜ اگر آپ ایسے ہی دلچسپ اسلامی واقعات، اور دل کو موہ لینے والی تحریریں پڑھنا چاھتے ہیں، تو ابھی ہمارا چینل....( اسلام کی بیٹیاں) جوائن کریں۔ 🌐 https://t.me/Islam_Ki_Betiyan 🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰
Open in Telegram♻️Ⓜ️♻️ 🌹 مرد بنیادی طور پر دو قسم کے ہوتے ہیں! 1۔ پہلی قسم کے مرد: جب وہ گھر میں داخل ہوتے ہیں اور دروازے پر چابی گھمانے کی آواز آتی ہے تو گھر کے افراد کے چہروں پر خوشی کے بجائے خوف اور بے چینی چھا جاتی ہے۔ بچے سہم جاتے ہیں، بیوی خاموش ہو جاتی ہے اور سب کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ کاش! وہ کچھ دیر کے لیے گھر سے باہر چلے جائیں، تاکہ گھر کا ماحول پرسکون ہو سکے اور سب اطمینان کی سانس لے سکیں۔ 2۔ دوسری قسم کے مرد: جب وہ گھر میں داخل ہوتے ہیں اور دروازے پر چابی گھمانے کی آواز سنائی دیتی ہے تو بچے خوشی سے ان کی طرف دوڑ پڑتے ہیں۔ ان کی بانہیں بچوں کے لیے محبت اور تحفظ کا حصار ہوتی ہیں۔ ان کی گفتگو میں نرمی اور شفقت ہوتی ہے اور ان کی موجودگی سے پورے گھر میں خوشی، اپنائیت اور سکون کی فضا قائم ہو جاتی ہے۔ ان کی آمد سے گھر کے ہر فرد کے چہرے پر مسکراہٹ بکھر جاتی ہے۔ ❤️ ذرا سوچیے! آپ ان دونوں میں سے کس قسم کے مرد ہیں؟ اور آپ کے شوہر کس قسم کے ہیں؟ یاد رکھیے! ایک اچھا شوہر اور بہترین باپ وہ نہیں ہوتا جو صرف گھر کی ضروریات پوری کرے، بلکہ وہ بھی ہوتا ہے جس کی موجودگی گھر والوں کے لیے خوف نہیں، بلکہ سکون، محبت اور خوشی کا باعث ہو۔ کوشش کیجیے کہ آپ کی آمد سے گھر والے پریشان نہیں، بلکہ خوش ہوں۔ آپ کی آواز سن کر بچے سہمیں نہیں، بلکہ ان کے چہروں پر مسکراہٹ آ جائے۔ کیونکہ گھر صرف دیواروں اور چھت کا نام نہیں، بلکہ محبت، شفقت، اعتماد اور اپنائیت سے بنتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے گھروں کو محبت، شفقت، احترام اور سکون کا گہوارہ بنائے اور ہمیں اپنے اہلِ خانہ کے لیے بہترین شوہر، بہترین باپ اور بہترین انسان بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین! 🤲 ☜ اگر آپ ایسے ہی دلچسپ اسلامی واقعات، اور دل کو موہ لینے والی تحریریں پڑھنا چاھتے ہیں، تو ابھی ہمارا چینل....( اسلام کی بیٹیاں) جوائن کریں۔ 🌐 https://t.me/Islam_Ki_Betiyan 🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰
Open in Telegramہمارے ہاں ایک غلط فہمی یہ بھی ہے کہ جوائنٹ فیملی سسٹم میں ہر کوئی ایک دوسرے کا خیال رکھتا ہے۔ ایسا کتنے گھروں میں ہوتا ہے؟ چولہا کس نے زیادہ استعمال کیا، کون روز نہاتا ہے، کس کے بچے زیادہ ہیں، کون زیادہ صابن استعمال کرتا ہے، کس کی بیوی زیادہ بوٹیاں کھاتی ہے؛ یہ سارا حساب کتاب جوائنٹ فیملی میں ہی رکھا جاتا ہے۔ اولاد جب بال بچوں والی ہو جاتی ہے تو بڑی سے بڑی جگہیں بھی چھوٹی پڑنے لگتی ہیں۔ حل تو یہ بھی ہے کہ تین فیملیز میں سے دو فیملیز الگ ہو جائیں اور ایک فیملی ماں باپ کے ساتھ رہے، لیکن وہ ایک فیملی کون سی ہوگی؟ یہ سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ماں باپ بوڑھے ہو جائیں تو انہیں اکیلا نہیں رکھا جا سکتا۔ اس عمر کے بزرگ بڑھاپے کی وجہ سے نہیں، بلکہ اکثر اپنی ضد کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود اولاد کا فرض بنتا ہے کہ وہ ان کی انا کو برقرار رکھتے ہوئے ان کا خیال رکھے۔ یہ خیال کیسے رکھا جا سکتا ہے، اس بارے میں ہر گھر کے اپنے مختلف اصول و ضوابط ہوتے ہیں، لہٰذا یہاں کوئی ایک فارمولا لاگو نہیں ہو سکتا۔ الگ ہونا اور الگ گھر لینا، دو مختلف چیزیں ہیں۔ جس نے ہمیں پیدا کیا اور جس نے ہمارے بچوں کو پیدا کیا، دونوں مائیں ہیں۔ دونوں کے قدموں تلے جنت ہے۔ یہ دونوں مائیں توجہ چاہتی ہیں، دونوں کی وجہ سے گھر جنت بنتے ہیں اور دونوں کے اپنے اپنے حقوق ہیں۔ بیوی کو الگ گھر میں رکھنا گناہ نہیں۔ گھر الگ نہیں ہوں گے تو دل الگ ہو جائیں گے، اور دل الگ ہو جائیں تو انہیں دوبارہ ’’جوائنٹ‘‘ کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ ☜ اگر آپ ایسے ہی دلچسپ اسلامی واقعات، اور دل کو موہ لینے والی تحریریں پڑھنا چاھتے ہیں، تو ابھی ہمارا چینل....( اسلام کی بیٹیاں) جوائن کریں۔ 🌐 https://t.me/Islam_Ki_Betiyan 🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰🔰
Open in Telegram♻️Ⓜ️♻️ 👈 اُدھر تم ۔۔۔۔۔۔ اِدھر ہم ۔۔۔۔۔۔۔۔!!!! ذرا ایک کاغذ لیجیے اور لکھنا شروع کیجیے کہ آپ کہاں رہتے ہیں، آپ کے والد صاحب کہاں رہتے تھے، آپ کے دادا کی رہائش کہاں تھی اور آپ کے پردادا کا مسکن کہاں تھا۔ پھر ان چار نسلوں کے بچوں کے نام لکھیے۔ شنید ہے کہ یہ تعداد پچاس تک پہنچ سکتی ہے۔ اب ان پچاس افراد کو کاغذ پر کسی ایک گھر میں ایڈجسٹ کرکے دیکھیے۔ یقیناً اس کے لیے ہوٹل نما ایک ایسا گھر درکار ہوگا جس میں کم از کم پچاس کمرے، آٹھ کچن، بارہ باتھ روم، بیس ایئرکنڈیشنر، بارہ گاڑیوں اور تیس پینتیس موٹر سائیکلوں کے لیے گیراج، بیس ہزار لیٹر کی پانی کی ٹنکی اور کم از کم تین کنال کا صحن ہو۔ ظاہر ہے کہ عمومی طور پر ایسا ممکن نہیں ہوتا۔ اسی لیے شادی کے وقت لڑکی کو اپنے ماں باپ کا گھر چھوڑنا پڑتا ہے اور کچھ عرصے بعد لڑکے کو بھی یہی عمل دہرانا پڑتا ہے۔ ہمارے ہاں اس عمل کو بہت برا سمجھا جاتا ہے۔ جوائنٹ فیملی سسٹم کے یقیناً بہت سے فوائد بھی ہیں، لیکن اگر گھر پانچ مرلے کا ہو اور بچوں کی تعداد آٹھ ہو تو پھر جوائنٹ فیملی سسٹم سے بڑا عذاب کوئی نہیں۔ کثرتِ اولاد والے گھروں میں اکثر یہ طریقہ اپنایا جاتا ہے کہ جس بچے کی شادی کرنی ہوتی ہے، اس کے لیے گھر کی چھت پر ایک کمرہ بمعہ اٹیچ باتھ تعمیر کر دیا جاتا ہے۔ یہ کمرہ کبھی کبھار والد صاحب تعمیر کروا دیتے ہیں، ورنہ شادی کے شوقینوں کو اپنی تنخواہ کا پیسہ پیسہ جوڑ کر تعمیر کرنا پڑتا ہے۔ اس کے باوجود جب گھر کے افراد کی تعداد بڑھتی ہے تو یہاں بھی رہنا مشکل ہو جاتا ہے۔ نتیجتاً روز روز کے جھگڑے معمول بن جاتے ہیں۔ بچوں کی آپس میں لڑائیاں ہوتی ہیں۔ خاوند نے بیوی کے لیے آئس کریم بھی لانی ہو تو گھر کے افراد کی تعداد کے پیشِ نظر اپنے آفس بیگ میں چھپا کر لاتا ہے۔ پرائیویسی بالکل ختم ہو کر رہ جاتی ہے اور ہر ماہ بجلی کا بل آنے پر سیاپا شروع ہو جاتا ہے کہ: ’’ہم تو صرف دو گھنٹے کے لیے موٹر چلاتے ہیں، ہم اتنا زیادہ بل کیوں دیں؟‘‘ یہی وجہ ہے کہ اکثر جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہنے والے افراد آپس میں کرایہ داروں کی طرح رہتے ہیں۔ شادی کے بعد اکثر بیویاں الگ گھر کا مطالبہ کرتی ہیں۔ تاہم، بیوی اگر اپنے مطالبے سے دستبردار ہو بھی جائے، تب بھی ایک نہ ایک دن لڑکے کو الگ گھر لینا ہی پڑتا ہے۔ لیکن اگر وہ اس علیحدہ گھر میں اپنے ماں باپ کو رکھنا بھی چاہے تو وہ نہیں آتے، بلکہ اکثر یہی سننے کو ملتا ہے: ’’ہم کیوں اپنا گھر چھوڑیں؟‘‘ یہ جو ’’اپنا گھر‘‘ ہوتا ہے، یہی فساد کی جڑ بنتا ہے۔ والدین خود بھی برسوں پہلے جوائنٹ فیملی سسٹم سے نکل کر الگ ہو چکے ہوتے ہیں، لیکن انہیں اپنے بیٹے کا الگ ہونا گوارا نہیں ہوتا۔ جوائنٹ فیملی سسٹم کے حق میں یہ دلیل دی جاتی ہے کہ اس طرح بزرگوں کا ساتھ میسر رہتا ہے اور مل جل کر ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹے جا سکتے ہیں۔ حالانکہ ایسا خال خال ہی ہوتا ہے۔ یقیناً الگ رہنے کے بھی ایک سو ایک مسائل ہیں، لیکن جوائنٹ فیملی سسٹم کے مقابلے میں پھر بھی کم ہیں۔ میرا ایک دوست جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہتا تھا۔ موصوف کی شادی ہوئی تو ہنی مون کے لیے مری جانے کا پروگرام بنایا، لیکن اگلے ہی روز اسے کینسل کر دیا۔ میں نے وجہ پوچھی تو بے بسی سے بتانے لگا: ’’سب گھر والے ساتھ جانا چاہتے ہیں۔‘‘ ہمارے ہاں جوائنٹ فیملی سسٹم کی مخالفت کو گناہ تصور کیا جاتا ہے۔ ذرا حقیقت کی نظر سے دیکھیے تو آپ خود تسلیم کریں گے کہ اس نظام میں کیا کیا قباحتیں جنم لیتی ہیں۔ آپ کسی مہمان کو گھر کھانے پر نہیں بلا سکتے۔ بلا لیں تو پورے گھر کی ناراضی مول لینا پڑ جاتی ہے کہ اس کے لیے بریانی بنائی تھی تو ہمیں کیوں نہیں دی؟ وہ جوائنٹ فیملی سسٹم، جس میں تین تین خاندانوں کے لیے ایک فریج ہوتا ہے، ان سے جا کر پوچھیے کہ وہ چھ انڈے بھی فریج میں نہیں رکھ سکتے۔ رکھ دیں تو اگلے دن تین انڈے غائب ہوتے ہیں اور کچھ پتا نہیں چلتا کہ کون ہڑپ کر گیا ہے۔ تین خاندانوں کے لیے ایک ہی واشنگ مشین استعمال ہوتی ہے تو ظاہر ہے کہ وہ جلد خراب بھی ہوتی ہے، لیکن کوئی اس نقصان کو اپنے سر لینے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ ہر ایک کی دوسرے پر کڑی نظر ہوتی ہے، لہٰذا ہزار کوشش کے باوجود کئی نجی معاملات بھی پوشیدہ نہیں رہ پاتے۔ ایسے میں اگر کوئی پستا ہے تو وہ ہیں بیچارے بوڑھے والدین، جن کی خدمت کا سبھی دعویٰ کرتے ہیں، تاہم کوشش یہی ہوتی ہے کہ یہ بوجھ دوسری فیملی اٹھائے۔ اگلے وقتوں میں بڑے بڑے حویلی نما گھر ہوتے تھے، لہٰذا جوائنٹ فیملی میں رہتے ہوئے بھی کشادگی کا احساس ہوتا تھا، لیکن آج کل یہ ممکن ہی نہیں رہا۔
Open in TelegramConnections
Similar channels
♤♧کچھ اچھی باتیں♧♤@saquibkuchachibaateinReligion3.14K
Muhammad Raza SaQib Mustafai@mrsmofficalReligion2.11K
خانقاہ امدادیہ اشرفیہ@khanqahimdadiaashrafiaReligion3.23K
اُردو قرآن لفظی ترجمہ@urduquran1Religion3.4K
1Path2Peace Foundation@onepathtopeaceReligion4.05K
مجلس علمی سوسائٹی ( JTR Media House )@majliseilmi1Religion1.61K
ضروری معلومات | ɪᴍᴘᴏʀᴛᴀɴᴛ ɪɴғᴏ@impoinfoReligion4.43K
اسلامک قرآنی دعائیں@islamicquraniduaReligion4.88K